بالیشور؍اڑیسہ، 30؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستان نے اسرائیل کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کی گئی زمین سے ہوا میں مار کرنے والی ایک نئی میزائل کا آج کامیابی کے ساتھ تجرباتی ٹیسٹ کیا۔یہ ٹیسٹ اڑیسہ کے ساحل کے قریب واقع دفاعی ٹھکانے سے کیا گیا۔ڈی آر ڈی او کے ایک افسر نے کہا کہ درمیانے فاصلے کی میزائل،ایم آر -ایس اے ایم ،ہندوستان اور اسرائیل کے مشترکہ وینچر کا ایک پروڈکٹ ہے۔اس کو چاندی پور میں واقع انٹیگریٹیڈ ٹیسٹ رینج سے صبح تقریبا آٹھ بج کر 15منٹ پر ایک موبائل لانچر کی مدد سے داغا گیا۔انہوں نے کہاکہ یہ تجرباتی ٹیسٹ کامیاب رہا اور اس نے اپنے سبھی ہدف پورے کر لئے ۔حکام نے کہا کہ میزائل کوآئی ٹی آر کے لانچ پیڈ- 3پر رکھا گیا تھا۔یہ رڈار سے سگنل ملنے کے بعد متحرک ہو گئی تھی۔میزائل کے ذریعہ خلیج بنگال کے اوپر متحرک ہوائی ہدف میں رکاوٹ ڈالنے میں بغیر پائلٹ والے ہوائی جہاز کو (یو اے وی)’بینشی ‘کا اہم کردار رہا۔انہوں نے کہا کہ اس پورے نظام میں میزائل کے علاوہ ملٹی آپریشنل نگرانی اور خطرے کی اطلاع دینے والا رڈار،ایم ایف ایس ٹی اے آرلگا ہے تاکہ میزائل اور اس کے راستے کی نشاندہی کی جا سکے اور اس کی رہنمائی کی جا سکے۔
تنظیم برائے دفاعی تحقیق و ترقی (ڈی آر ڈی او) کے سائنسدان نے کہاکہ ایم ایف اسٹار کے ساتھ یہ میزائل استعمال کرنے والوں کو ہوائی خطرات کو غیر موثر کرنے کی صلاحیت سے آراستہ کرے گی۔ڈی آر ڈی او کی حیدرآبادمیں واقع لیبارٹری ریسرچ سینٹر عمارت(آرسی آئی )نے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر یہ میزائل تیار کی ہے۔زمین سے ہوا میں طویل اور درمیانے فاصلے تک کی مارکرنے کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ایسی 100میزائل ہر سال بنانے کے لیے میسرز ہندوستان ڈائنامکس لمیٹڈ میں ایک نئی پروڈکٹ یونٹ قائم کی گئی ہے۔اس میزائل کا تجربہ کل ہی ہونا تھا لیکن آخری وقت پر اس کو آج کے لیے ٹال دیا گیا تھا۔حکام نے کہا کہ اس سے پہلے، ہندوستانی بحریہ نے سطح سے ہوا میں طویل فاصلے تک مارکرنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔یہ ٹیسٹ 30؍دسمبر 2015کو مغربی سمندری ساحل پرآئی این ایس کولکاتہ سے کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سطح سے ہوا میں مار کرنے والی اس طرح کی درمیانی فاصلے کے میزائلوں کی طاقت 50سے 70کلومیٹر کی ہوتی ہے۔یہ میزائل ہندوستان کے اسلحہ خانوں میں فی الحال موجود میزائلوں کے فرق کو ختم کر سکتی ہے ۔تجربانی ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہو جانے کے بعد ان میزائل کو تینوں خدمات میں شامل کیا جائے گا۔ضلع ریونیو افسر نے کہا کہ میزائل کا کامیاب تجربہ یقینی بنانے کے لیے بالیشور ضلع انتظامیہ نے دفاعی حکام سے مشورہ کرکے آئی ٹی آر کے لانچ پیڈ نمبر 3کے ڈھائی کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے 3652شہریوں کو عارضی طور پر قریبی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیاگیا تھا ۔ خلیج بنگال کے ساحل پر واقع اڑیسہ کے تین اضلاع -بالیشور، بھدرک اور کیندرپاڑہ کے ماہی گیروں سے کہا گیا تھا کہ وہ ٹیسٹ کے وقت سمندر میں نہ جائیں۔